منگل, نومبر 3, 2026
spot_img
ہومبریکنگ نیوزمحبت کی انوکھی داستان: اطالوی لڑکی پاکستانی نوجوان نبیل اعوان کی دلہن...

محبت کی انوکھی داستان: اطالوی لڑکی پاکستانی نوجوان نبیل اعوان کی دلہن بن گئی، دونوں سماعت سے محروم

کلرکہار (ڈیلی ٹوڈے رپورٹ) محبت کی ایک انوکھی اور دل کو چھو لینے والی داستان سامنے آئی ہے، جہاں نہ آواز کی ضرورت پڑی اور نہ سرحدیں رکاوٹ بن سکیں۔ اطالوی لڑکی پاکستانی نوجوان کی دلہن بن گئی۔

تفصیلات کے مطابق چکوال کے علاقے کلرکہار سے تعلق رکھنے والے پاکستانی نوجوان نبیل اعوان اور اٹلی سے تعلق رکھنے والی لڑکی کی محبت کی کہانی نے سوشل میڈیا پر لوگوں کی توجہ حاصل کر لی ہے۔

بتایا گیا ہے کہ تقریباً چھ سال قبل دونوں کی دوستی انسٹاگرام پر شروع ہوئی تھی، جو وقت کے ساتھ گہری محبت میں بدل گئی۔ ہزاروں میل کی دوری اور مختلف ثقافتوں اور زبانوں کے باوجود دونوں نے ایک دوسرے کا ساتھ نبھانے کا فیصلہ کیا۔

اس محبت کی کہانی کی سب سے خاص اور انوکھی بات یہ ہے کہ دولہا نبیل اعوان اور دلہن دونوں قوتِ سماعت و گویائی سے محروم ہیں، تاہم یہ محرومی ان کے رشتے کی راہ میں کبھی رکاوٹ نہیں بنی، دونوں نے اشاروں کی زبان میں ایک دوسرے کو سمجھا۔

اطالوی دلہن جب محبت کی خاطر ہزاروں میل کا سفر طے کر کے پاکستان پہنچی تو لاہور ایئرپورٹ پر نبیل اعوان کے اہلخانہ نے اس کا پرتپاک استقبال کیا اور پھولوں کے ہار پہنائے۔

دونوں خاندانوں کی باہمی رضامندی سے نکاح کی تقریب منعقد ہوئی اور بعد ازاں کلرکہار میں ولیمے کی شاندار تقریب کا اہتمام کیا گیا۔

ولیمے کی تقریب میں دلہن نے پاکستانی روایتی لباس زیب تن کیا اور خوشیوں میں بھرپور شرکت کی۔ اہلخانہ کے مطابق دونوں اپنی نئی زندگی کے آغاز پر بے حد خوش اور مطمئن ہیں۔

اہل علاقہ اور سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے اس جوڑے کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ یہ داستان ایک خوبصورت پیغام دیتی ہے کہ سچی محبت کی بنیاد آواز یا الفاظ نہیں، بلکہ باہمی احترام، اعتماد اور ایک دوسرے کو سمجھنا ہے۔

متعلقہ
- Advertisment -spot_img

Breaking

  • اردو
  • English