لاہور: (Dailytoday Network) کرپشن پر قابو پانے کے لیے اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ نے پنجاب پولیس سے مدد مانگ لی۔
کرپشن کنٹرول کے لیے آپریشنز کو مؤثر بنانے کے مقصد سے اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ نے پنجاب پولیس کے 29 افسران و اہلکاروں کی فراہمی کا مطالبہ کیا ہے۔ اس حوالے سے ڈی جی اینٹی کرپشن کی درخواست پر ڈی آئی جی اسٹیبلشمنٹ نے مراسلہ جاری کر دیا۔
مراسلے کے مطابق 6 انسپکٹر، 5 سب انسپکٹر اور 12 اے ایس آئی کی نامزدگیاں 7 دن کے اندر فراہم کی جائیں۔ ہر اسامی کے خلاف کم از کم 3 نامزدگیاں ضلعی افسران کو بھیجوانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ انسپکٹرز کے لیے کم از کم 2 بار ایس ایچ او رہنے اور اچھی شہرت کا حامل ہونا لازمی ہے۔
تعیناتیوں کے مطابق لاہور، فیصل آباد، ساہیوال اور ملتان میں سب انسپکٹر تعینات ہوں گے۔ جبکہ قصور، راجن پور، لیہ، سیالکوٹ اور ملتان میں اینٹی کرپشن سرکل آفیسر کی آسامیاں خالی ہیں۔
اسی طرح فیصل آباد، راولپنڈی، ساہیوال، بہاولپور اور سرگودھا میں اے ایس آئی کی پوسٹوں پر تعیناتیاں کی جائیں گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ کرپشن کے خلاف کارروائیوں کو مزید تیز کرنا چاہتی ہے۔
مزید تفصیلات کا انتظار ہے…


