کوئٹہ: جمعہ کو کوئٹہ کے مشرقی بائی پاس کے علاقے میں ایک حملے میں دو پولیس اہلکار شہید اور ایک زخمی ہوگیا۔
حاصل کردہ تفصیلات کے مطابق واقعہ بھوسہ منڈی کے قریب اس وقت پیش آیا جب نامعلوم مسلح حملہ آوروں نے پولیس اہلکاروں پر گولیاں برسائیں جس کے نتیجے میں دو پولیس اہلکار موقع پر ہی شہید ہوگئے۔
واقعے کے فوری بعد سیکیورٹی فورسز اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور پولیس اہلکاروں کی لاشوں کو اسپتال منتقل کیا جن کی شناخت اے ایس آئی رحمت اللہ اور کانسٹیبل علی اصغر کے نام سے ہوئی ہے۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ پولیس اہلکار علاقے میں معمول کی گشت پر تھے کہ دہشت گردوں نے حملہ کردیا۔ حملہ آور واقعے کے بعد موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
زخمی پولیس اہلکار کو بھی طبی امداد کے لیے سول اسپتال کوئٹہ منتقل کردیا گیا۔ پولیس اور فرنٹیئر کور کے اہلکار موقع پر پہنچ گئے جب کہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔
دریں اثناء گورنر بلوچستان سید ظہور احمد آغا اور وزیراعلیٰ عبدالقدوس بزنجو نے پولیس اہلکاروں پر حملے کی شدید مذمت کی ہے۔ یہاں سے جاری الگ الگ بیان میں انہوں نے پولیس کے شہداء کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا جنہوں نے صوبے میں قیام امن کے لیے اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ امن دشمن عناصر صوبے میں امن کو غیر مستحکم کرنا چاہتے ہیں جس کا مقصد علاقے میں ترقیاتی عمل کو روکنا ہے۔ انہوں نے متاثرین کے اہل خانہ سے ہمدردی کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ متعلقہ حکام کو واقعے کی تحقیقات مکمل کرکے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کردی گئی ہے، واقعے میں ملوث ملزمان کی جلد از جلد گرفتاری کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ایسے بزدلانہ حملے سیکیورٹی فورسز اور قوم کے حوصلے پست نہیں کر سکتے، امن دشمن عناصر کے مذموم عزائم کو صوبے کی ترقی کے لیے سیکیورٹی فورسز اور عوام کے تعاون سے ناکام بنایا جائے گا۔