پاکستان مسلم لیگ نواز (پی ایم ایل این) کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے رمضان شوگر ملز ریفرنس میں بریت کی درخواست دائر کردی۔
جمعہ کو لاہور کی احتساب عدالت میں منی لانڈرنگ، آشیانہ اقبال اور رمضان شوگر ملز ریفرنسز کی سماعت ہوئی۔ مقامی میڈیا کے مطابق حمزہ شہباز عدالت میں پیش ہوئے جبکہ شہباز شریف نے بیماری کے باعث سماعت میں شرکت سے معذرت کی جسے عدالت نے قبول کرلیا۔
منی لانڈرنگ ریفرنس میں جرح کے دوران نیب کے تین گواہوں نے گواہی دی کہ انہوں نے جن کمپنیوں کا ریکارڈ نیب کو فراہم کیا وہ قانون کے مطابق تھا۔ رمضان شوگر ملز ریفرنس میں شہباز شریف نے بریت کی درخواست دائر کی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ رمضان شوگر ملز کا ریفرنس سے کوئی تعلق نہیں اور نہ ہی انہوں نے کوئی کرپشن کی۔
عدالت نے قومی احتساب بیورو (نیب) کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 11 مارچ کو جواب طلب کر لیا۔ دریں اثنا عدالت نے آشیانہ اقبال ریفرنس میں شہباز شریف اور دیگر کے خلاف نیب کے 2 گواہوں پر جرح مکمل کرتے ہوئے مزید 3 گواہوں کو آئندہ سماعت پر طلب کرتے ہوئے کیس کی کارروائی 11 مارچ تک ملتوی کر دی۔