سابق گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ سرور فاؤنڈیشن سیلاب سے متاثرہ افراد کی بحالی اور خدمت کیلئے تاحال اقدامات میں مصروف ہے
بنیادی ڈھانچے کی تعمیرِ نو اور موسمیاتی بحرانوں سے نبٹنے کیلئے انہیں وسائل سے لیس کیا جا رہا ہے
اس ضمن میں برٹش ائیرویز، فٹبال فار پیس، ای سی بی اور لارڈز ٹیورنرز جیسے عالمی اداروں کے تعاون اور سرپرستی نے سرور فاؤنڈٰیشن کو خدمت کے میدان میں استقامت دی ہے
چوہدری سرور نے کہا کہ مذکورہ اداروں کے تعاون سے دیگر سہولیات کے علاوہ سیلاب زدہ علاقوں کے بچوں کو صحت مندانہ سرگرمیوں کی جانب راغب کرنے کیلئے کرکٹ کٹس کی تقسیم ممکن بنائی جا رہی ہے
سرور فاؤنڈیشن میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد سے ملاقات کے دوران چوہدری سرور نے مزید کہا کہ سیلاب کی وجہ سے 26 ہزار سے زائد سکولوں کو نقصان پہنچنے کے باعث ساڑھے 3 ملین بچوں کی تعلیم متاثر ہوئی
دوسری جانب 7063 سکول بے گھر ہونے والوں کیلئے ہنگامی پناہ گاہ بنے ہوئے ہیں
انہوں نے کہا کہ سیلاب متاثرین کیلئے اقدامات میں تیزی لانا پاکستان کی معاشی رفتار کیلئے از حد ضروری ہیں
یونیسیف کی ایک رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سیلاب سے متاثر ہونے والے 35 فیصد بچے ڈپریشن اور صحت کی بیماریوں میں مبتلا ہو رہے ہیں
ان کے رویوں میں استقامت لانے اور مثبت رجحان پیدا کرنے کی اشد ضرورت ہے
اسی تناظر میں سرور فاؤنڈیشن برٹش ایئرویز، فٹ بال فار پیس، ای سی بی اور لارڈز ٹیورنرز کے ساتھ مل کر سیلاب سے متاثرہ اسکولوں کے لیے 1.2 ٹن کرکٹ کا سامان لا رہی ہے
تاکہ بچوں کو معمول کی سرگرمیوں کی جانب لانے اور ان کی مثبت سمت نشوونما میں مدد کی جا سکے
انہوں نے کہا کہ برٹش ایئرویز سرور فاؤنڈیشن کے ساتھ مل کر سندھ اور بلوچستان کے سیلاب متاثرہ بچوں کو کھیلوں کی مکمل کٹس فراہم کرنے کیلئے کوشاں ہے
چوہدری سرور نے کہا کہ کھیلوں کی مختلف اشیاء پر مشتمل یہ شراکت داری ہزاروں بچوں کو کٹس کے علاوہ نصابی کتب کی فراہمی بھی ممکن بنائے گی
وفود سے ملاقات میں چوہدری سرور نے سیلاب متاثرین کو تنہا نہ چھوڑنے، ان کی زندگیوں کی تعیرِ نو اور ممکنہ حد تک وسائل کی فراہمی کا عزم بھی دہرایا