کوئٹہ کے جناح روڈ پر دھماکے کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق جب کہ 20 سے زائد زخمی ہوگئے۔
جیو نیوز کے مطابق دھماکا پولیس موبائل کے قریب ہوا اور دھماکے کے فوراً بعد قریبی دکانوں میں آگ لگ گئی۔ ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) کوئٹہ فدا حسن نے بتایا کہ تمام زخمیوں کو کوئٹہ کے سول اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
انہوں نے مزید انکشاف کیا کہ دھماکے میں دیسی ساختہ بم استعمال کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ دھماکے میں ڈھائی سے تین کلو گرام بارودی مواد استعمال کیا گیا۔
اسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ نے بتایا کہ علاج کے لیے لائے گئے زخمیوں کی تعداد 25 ہے، انہوں نے مزید کہا کہ 6 افراد کی حالت تشویشناک ہے۔
پولیس کے مطابق واقعے کے بعد جناح روڈ اور اس کے اطراف کی گلیوں کو گھیرے میں لے کر ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے معصوم جانوں کے ضیاع پر دکھ کا اظہار کیا ہے۔
بزنجو نے انسپکٹر جنرل پولیس کوئٹہ کو واقعے کی تفصیلی رپورٹ جلد از جلد صوبائی حکومت کو پیش کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے پولیس سے یہ بھی کہا کہ شہر بھر میں سیکیورٹی کو بہتر بنایا جائے۔
وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو زخمیوں کو بہترین طبی امداد فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی۔
گورنر سندھ عمران اسماعیل نے بھی کوئٹہ دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے دھماکے میں جاں بحق ہونے والوں کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا۔ انہوں نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا بھی کی۔